جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر نے کہا کہ سابق حکومت کے دوران جو کام شروع ہوئے تھے، وہ لیفٹنٹ گورنر راج کے دوران ٹھپ ہوچکے ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کی مانگ کرتے ہوئے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر چوہدی ذوالفقار علی نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ترقیاتی عمل کا فقدان ہے اور راجوری میں ترقیاتی عمل جمود کا شکار ہے۔ کارکنوں کے اجلاس سے یہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت سے مانگ کرتے ہوے کہا کہ جلد از جلد یوٹی کو ختم کر کے ریاست کا درجہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں خوف ہے کہ ہماری زمینیں اور روزگار محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی زمینوں اور روزگار کو تحفظ فراہم کیا جائے اور جلد از جلد پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دوران جو کام شروع ہوئے تھے، وہ لیفٹنٹ گورنر راج کے دوران ٹھپ ہوچکے ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ برس کافی فنڈس جموں کشمیر کو فراہم کیے گئے لیکن زمینی سطح پر حقائق اس کے برعکس نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد آنس آبپاشی نہر، کوٹرنکہ بڈھال سڑک اور ڈگری کالج کوٹرنکہ و ہسپتال کوٹرنکہ کے تعمیری کام میں شدت لائی جائے۔
جموں و کشمیر کا ریاستی تشخص بحال کیا جائے، چوہدی ذوالفقار
