Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی بربریت، بزرگ سمیت 4 شہید، 6 زخمی

 قابض فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے تکن میں تلاشی محاصرہ کے دوران تین بے گناہ نوجوانو ں کو نشانہ بنایا کولگام میں کشمیری کو فوجی گاڑی تلے کچل ڈالا،ہینڈ گرنیڈ بارہمولا میں پھٹا،ایک سال میں 270شہادتیں، ایمنسٹی

سرینگر (خبرایجنسیاں، دنیا نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے ، قابض بھارتی فوج نے بزرگ سمیت 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔ کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس)کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقے تکن میں محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی لی گئی، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔قابض فوج کے اہلکاروں نے تین بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لیا اور فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ دوسری جانب ضلع کولگام کے علاقے مال پورہ میں بھارتی فوج کی گاڑی نے ضعیف العمر کشمیری شہری کو کچل کر شہید کردیا، واقعہ کے بعد بھارتی فوجی وقوعہ سے فرار ہوگئے ۔ علاوہ ازیں ضلع بارہمولہ کے علاقے سنگپورہ پٹن میں گرنیڈ دھماکے میں ایک خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نامعلوم افراد نے سنگپورہ پٹن میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف گرنیڈ داغا گیا جس کے سڑک پر پھٹنے کے نتیجے میں خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے ۔ ادھر نئی دہلی کی عدالت نے جعلی پولیس مقابلے میں گرفتار ہونے والے بڈگام کے تین نوجوانوں کو4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں فی الوقت 500 سے زیادہ پاکستانی خواتین مقیم ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں شادی کرنے والی یہ خواتین گزشتہ دس برس سے مختلف مصائب اور مشکلات کے باوجود زندگی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستانی خواتین کو باقاعدہ شہری حقوق بھی حاصل نہیں جبکہ انکے خلاف تھانوں میں کئی مقدمے بھی زیر التوا ہیں۔ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ 1سال کے دوران 270بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا گیا جن میں 30سے زائد کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا ، زخمیوں کی تعداد 800سے زائدہے ۔اِس طرح بھارت انسانی حقوق کی پامالی میں پہلے نمبر پر ،دوسرے پر اسرائیل ،تیسرے نمبر پربرما ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے