سرینگر(این این آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ نام نہاد انتخابات مسئلہ کشمیر کے حل کا متبادل نہیں ہوسکتے اور انہوں نے اس دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات پر زوردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہیں اور دونوں ہمساے جوہری طاقتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات شروع کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چین سے مذاکرات کئے جاسکتے ہیں جس نے ہماری زمین پر قبضہ کررکھا ہے تو پاکستان سے کیوں بات نہیں کی جاسکتی۔ کیااس کی وجہ پاکستان کا مسلمان ملک ہونا ہے کیونکہ اب بھارت میں ہر چیز کو فرقہ واریت کا رنگ دے دیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دفعہ370کی منسوخی سے تمام مسائل حل ہو گئے ہیں اتنی بڑی تعداد میں بھارتی فوجی کیوں کشمیرمیں موجود ہیں انہیں واپس سرحدوں پر بھیجا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں منعقد ہونے والے انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہے۔
نام نہاد انتخابات مسئلہ کشمیر کے حل کا متبادل نہیں ہوسکتے،محبوبہ مفتی
