لندن: مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر زندگی تنگ کر دی ، بھارتی فورسز کے اس ظلم و ستم کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس کا اجلاس ہوا جس میں مودی سرکار کی جارحیت کی مذمت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان ، ممبر آف برطانوی پارلیمنٹ افضل خان سمیت کونسلرز ، میئرز اور سیاسی و سماجی شخصیات نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارجیت کی بھر پور مذمت کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی کی وجہ سے 6 افراد شہید اور درجنوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ کئی مکانات مکمل تباہ ہو چکے ہیں۔ تباہ شدہ مکانات میں دو برطانوی شہری کونسلر مشتاق مغل اور رفیق مغل کے مکانات بھی شامل تھے۔
کانفرنس میں تمام رہنماوں نے عہد کیا کہ وہ اس مسئلہ کو برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ میں بھر پور انداز میں اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ کشمیریوں کے حق میں پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے عالمی طاقتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کروانے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوبین منیر اکرم نے ہر اجلاس میں کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی کوششوں کی وجہ سے ترکی ، ایران اور ملائشیا سمیت بہت سے اسلامی ملکوں نے عالمی سطح پر کشمیر کی آزادی کی بات کی ہے۔ اور اس حوالے سے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے معاملے پر ترکی اور ایران نے مودی سرکار کو کھری کھری سنائی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے فیصلے کو واپس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اُن کا حق دے۔
