Input your search keywords and press Enter.

کشمیری عوام، آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے: حریت کانفرنس

سرینگر:(پاک آن لائن نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کی جدوجہد آزادی سے کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی، اور جب تک یہ آزادی حاصل نہ ہو کشمیری عوام اس کے حصول تک مکمل جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر اقوام عالم اور بھارت پر واضح کردیا کہ وہ بھارت کے جبری قبضے کو کسی صورت تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں بلکہ حصول حق خودارادیت تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل مولوی بشیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیر ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی موت حیات اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جسے بھارت نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادں کی صورت میں تسلیم کر رکھا ہے، انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ طاقت کے بل پر کشمیری عوام کو دبانے سے باز رہے۔

انہوں نے کہاکہ طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیری عوام کو تحریک آزادی سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا تحریک آزادی کشمیر کے لئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور عفت مآب مائوں اور بہنوں کی عزتیں پامال ہوئی ہیں۔

مولوی بشیر احمد نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں، انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری نے بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو باعث تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حصول مقصد تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے