وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی خط لکھ دیا۔خط میں وزیراعظم نے یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر بھارتی وزیراعظم کاشکریہ اداکرتے ہوئے لکھاہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ خط میں وزیر اعظم کا کہنا تھا جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لئے مسئلہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے ۔ تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیداکرنا ہوگا ۔وزیر اعظم عمران خان نے مزید لکھا کہ کورونا( کوویڈ-19)کے خلاف بھارت کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔یاد رہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان پر مبارک باد کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کے نام خط لکھا تھا جس میں پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور کورونا وبا کے خلاف کاوشوں میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کورونا سے مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں، ان میں اب کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں ہیں، صحتیابی کے بعد انہوں نے سرکاری امور سرانجام دینا شروع کر دیئے ہیں۔سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا وزیراعظم بالکل صحتیاب ہو گئے ہیں، ڈاکٹرز کی ہدایت،نیشنل اور انٹرنیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق انہوں نے جزوی طور پر امور انجام دینا شروع کر دئیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو ٹیلیفون کرکے ان کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے صدر سے اپنا کورونا آئسولیشن کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ آپ سوپ پیئیں، نیند پوری لیں اور مکمل آرام کریں۔دوسری جانب صدر عارف علوی نے کہا کہ بہت ساری دعاؤں کے سبب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ میں نیک خواہشات اور دعاؤں پر سب کا مشکور ہوں کیونکہ دعائیں شفایابی کا باعث بنتی ہیں۔منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا وزیراعظم نے مجھ سے اپنا تجربہ شیئر کیا۔ حماد اظہرکووفاقی وزیرخزانہ مقررکرنے کا کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔کابینہ ڈویژن نے حفیظ شیخ کووفاقی وزیرکے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔حماد اظہر نے وفاقی وزیر خزانہ کا بھی چارج سنبھال لیا ۔عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر خزانہ حماد اظہر وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ پہنچے اور ان کیساتھ خصوصی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے حماد اظہر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان ملکی معیشت اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے حماد اظہر کو غریب آدمی کے لئے ریلیف کے اقدامات کی ہدایت بھی کی ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر خزانہ حماد اظہر، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن و دیگر افسر شریک تھے ۔وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔علاقے میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے جسے برؤے کار لانے کی ضرورت ہے ۔وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
بھارت سے تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں ، مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ، عمران خان کا مودی کو جوابی خط دنیا اخبار
