بھارت انسانی حقوق کی بدترین پامالی کرنے والا ملک بن چکا ہے: یونیورسل ہیومن رائٹس کونسل۔ نام نہاد جمہوری ملک میں سیکولر نام کی کوئی چیز نہیں اور اقلیتوں کو خاص طور پر مسلمانوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے: رپورٹ
بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے انہیں جس طرح منظم طریقہ سے دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس کی بدترین مثال ماضی میں گجرات‘ دہلی و دیگر صوبوں میں ہونے والے مسلم کش فسادات اور ان میں مسلمانوں کاوحشیانہ قتل عام اور ان کے املاک کی تباہی ہے۔ ایسی ہی صورتحال دیگر مذہبی اقلیتوں کو بھی درپیش ہے۔ بھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ کشمیر میں جو مسلم اکثریتی علاقہ ہے بھارتی مظالم عروج پر ہیں جہاں کشمیری مسلمانوں کی نہایت بے دردی سے نسل کشی کی جارہی ہے۔کیونکہ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ وہاں کشمیری مسلمانوں کے تمام انسانی حقوق سلب کئے جاچکے ہیں۔ تمام عالمی ادارے، انسانی حقوق کی تنظیمیں اس صورتحال پر احتجاج بھی کررہی ہیں مگر بھارت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ بھارت میں کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں پر زمین اور زندگی تنگ کی جارہی ہے سب کچھ دنیا دیکھ رہی ہے مگر خاموش ہے۔ بھارت کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا مسلمانوںاور کشمیریوں کے قتل عام کے باوجود بھارت کو دہشت گرد قرار نہیں دیا جارہا۔ لگتا ہے دنیا اس حوالے سے کسی بڑے سانحے کے انتظار میں ہے۔ ایسا کچھ ہونے سے بہتر ہے کہ اقوام متحدہ پہلے ہی بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیکر اس کیخلاف ایکشن لے تاکہ کسی بڑے سانحہ کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔
