لاہور( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹر ی جنرل امیر العظیم اور اسیر کشمیری رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ شملہ معاہدہ فوری طور پر منسوخ کر کے بھارت کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات ختم کیے جائیں ۔ کشمیر کی آزادی کے لیے مربوط قومی پالیسی تشکیل دی جائے اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو عالمی سطح پر ایکسپوز کرنے کے لیے ایک کمپین کا باقاعدہ آغاز ہونا چاہیے ۔ منصورہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر العظیم نے افسوس کا اظہار کیاکہ 5 اگست 2019 ءکے واقعہ کے بعد پاکستانی حکومت کو نئی دہلی کے خلاف جس طرح جرا ت مندانہ اقدامات اٹھانے چاہئیں تھے ، وہ نہیں اٹھائے گئے ۔ مشعال ملک نے کہاکہ کشمیریوں کی نسل کشی ہورہی ہے ۔سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر کی آزادی کے لیے متحد ہونا چاہیے ۔ اس موقع پر یٰسین ملک کی کمسن صاحبزادی نے میڈیا کے سامنے اپنے والد کو لکھا گیا خط بھی لہرا یا اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ ان کی جیل میں قید ان کے والد سے ملاقات کا بندوبست کروایا جائے ۔ قبل ازیں مشعال ملک اپنی والدہ اور صاحبزادی کے ہمراہ منصورہ آئیں اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم سے ملاقات اور جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلمان بٹ مرحوم
کے لیے دعائے مغفرت کی ۔
کشمیر کی آزادی کیلئےقومی پالیسی تشکیل دی جائے مشعال ملک
