Input your search keywords and press Enter.

کشمیر کے ایشو پر ہر جماعت کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں،لطیف اکبر

مظفرآباد(خبرنگار)پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہاہے کہ پاکستان میں قائم تحریک انصاف کی حکومت کشمیر کو تقسیم کرنے کے درپے ہے۔ کشمیر ی کسی صورت تقسیم کشمیر کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرپانچ فروری 2021ء کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پوری پی ڈی ایم قیادت دارالحکومت مظفرآباد میں آکر کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔جس سے مسئلہ کشمیر کو تقویت ملے گی اور کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونگے۔قیادت کا آمد پر شاندار استقبال کیا جائیگا۔ کشمیر کے ایشو پر ہر جماعت کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔ان خیالات اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق وزیر سید بازل علی نقوی ‘مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر ‘ شگفتہ نورین کاظمی ‘ راشد نقوی ‘ضیاد قاسم سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری لطیف اکبر نے مزید کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے دور سے کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کا سلسلہ شروع ہوا۔قاضی حسین احمد (مرحوم ) نے سلسلہ آگے بڑھایا۔ مارشل لا ء کے دور کشمیر ایشو کو پس پشت ڈال کر افغانستان کا مسئلہ آگے لایا گیا۔ پھر محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے دور میں یوم یکجہتی کو ہر سال سرکار ی طور پر منانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہرسال یوم یکجہتی بھرپور اندازسے مناتے ہیں ۔5اگست 2019ء کو بھارت کے غیر قانونی ‘غیر آئینی اور غیر انسانی اقدام کے بعد حالات گھمبیر ہوچکے ہیں۔بھارت کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیری اپنی شناخت ختم نہیں ہونے دینگے۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہر جمعہ کو احتجاج کا اعلان کیا لیکن دوسرے جمعے کوہی یہ اس پر عملدرآمد کرنا چھوڑ دیا۔مختلف اے پی سیز میں سیز فائرلائن پر مظاہرے’ پاکستان کی جماعتوں کی اے پی سی بلانے ‘ تمام سفارتخانوں سے رابطہ کرنے اور ان میں کشمیر ڈیسک قائم کرانے ‘کشمیریوں کے وفود باہر بھیجنے ‘رائے عامہ ہموار کرنے کے بارے میں جو فیصلے ہوئے ان میں سے ایک پر آزادکشمیر حکومت نے عملدرآمد نہیں کیا۔ انہو ں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عملاً مسئلہ کشمیر کو بھلا دیا ہے ۔ موجودہ حکومت تقسیم کشمیر کے درپے ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت مظفرآباد سے بھرپور یکجہتی کااظہا ر کرکے کشمیری بھائیوں کے حوصلے بلند کرے گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے