Input your search keywords and press Enter.

کشمیر کا مسئلہ سیاسی، گروہی اور ذاتی مفادات سے بہت بلند تر ہے،سردار مسعود خان

ہمیں اپنی تمام توانائیوں کو یکجا کر کے اور ایک قوم بن کر پوری طاقت سے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہو گا ،نوجوان نسل نئی ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لا کر ڈیجیٹل سپیس کا درست استعمال کر کے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا توڑ کر سکتے ہیں ، صدر آزاد کشمیر
آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ سیاسی، گروہی اور ذاتی مفادات سے بہت بلند تر ہے، ہمیں اپنی تمام توانائیوں کو یکجا کر کے اور ایک قوم بن کر پوری طاقت سے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہو گا اور اس سلسلے میں نوجوان نسل نئی ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لا کر ڈیجیٹل سپیس کا درست استعمال کر کے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا توڑ کر سکتے ہیں اور کشمیر کے حوالے سے درست بیانیے کو دنیا کے سامنے پیش کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ڈیجیٹل کمپوننٹ کی ری لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان اور پاک آفئیرز کے تعاون سے کیا تھا۔
تقریب سے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، جموں وکشمیرتحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہم، ممبر پارلیمنٹ اینڈریو گوائن، یورپین پارلیمنٹ کے سابق رکن جولی وارڈ، برطانوی دارلعوام میں شیڈو ڈپٹی قائد ایوان اور رکن پارلیمنٹ افضل خان، لارڈ ٹموتھی کرکوپ، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ انتھیا منکناٹائر، لارڈ واجد خان، مائیک ووڈ، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ شفق محمد نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا۔

صدر سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور اُن کی ٹیم کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت میں نہ صرف برطانوی پارلیمنٹ کے اندر بلکہ پورے یورپ میں کشمیر کاز کے لئے قابل قدر خدمات انجام دیں اور کشمیریوں اور دنیا کے درمیان موجود خلاء کو موثر انداز میں پُر کیا۔
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں سے دنیا کو پوری طرح آگاہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے میڈیم کو پوری طرح استعمال کیا جائے۔ تحریک حق خودارادیت کے ڈیجیٹل کمپوننٹ کی ری لانچنگ کے حوالے سے سردار مسعود خان نے کہا کہ عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم سائبر سپیس کو استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں اور اس تنازعے کے حوالے سے درست بیانیہ کو نہ صرف پروموٹ کریں بلکہ بھارت کی طرف سے مختلف ویب سائٹس کے ذریعے ایسی اصطلاحات کو درست انداز میں پیش کریں جن کی وجہ سے خود ہمارے ہاں بہت سی غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے کے توڑ کے لئے بھی ضروری ہے کہ نوجوان ڈیجیٹل میڈیا کے ہتھیار کو موثر انداز میں استعمال میں لاتے ہوئے دنیا میں اپنے ہم عصر نوجوانوں تک کشمیریوں کی آواز کو پہنچائیں اور اسی طرح ان ذرائع کا درست استعمال کرتے ہوئے دنیا کے فیصلہ ساز اداروں بااثر تھنک ٹینکس ، دانشوروں اور شہری حقوق کے علمبرداروں تک اپنی آواز کو پہنچائیں۔
انہوں نے نوجوانوں پر یہ بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پورے اعتماد اور یقین کے ساتھ جدوجہد کریں کیونکہ کشمیر پاکستان کے جسم و جان کا حصہ ہے اور وہاں دی جانے والی قربانیاں پاکستان کی تکمیل کے لئے ہیں۔ اس موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن محترمہ نسیمہ وانی، ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، سیکرٹری جنرل جموں وکشمیرتحریک حق خودارادیت کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے صدر عبید قریشی اور تحریک حق خودارادیت اور پاک آفیئرز ٹیم کے ارکان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے