Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کے جعلی مقابلے ,بیگناہوں کے قتل کیخلاف مکمل ہڑتال

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طر ف سے جعلی مقابلوں میں بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کیلئے جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی جبکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے حمایت کی۔سرینگر، اسلا م آباد ، شوپیاں، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی ، نمازجمعہ کے بعد بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظاہرے بھی کیے گئے ۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں بدھ کوتین کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھاجبکہ گزشتہ برس جولائی میں شوپیاں میں بھی راجوری کے رہائشی تین نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا تھا۔ ادھر شہداکے اہلخانہ نے قابض انتظامیہ سے اپنے بچوں کی میتیں حوالے کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔ عمر عبداللہ ، محبوبہ مفتی ، بھارتی پارلیمنٹ کے رکن جسٹس(ر)حسنین مسعودی نے تین بے گناہ نوجوانوں کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالرشید لون کوگرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ادھر ضلع اننت ناگ میں نا معلوم افراد نے 80 بٹالین سی آر پی ایف پارٹی پر دستی بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہردیال یادیو زخمی ہو گیا، حملے کے بعد فورسز نے فائرنگ کی جبکہ پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں سری نگرمیں جیولرز ستہ پال نسچل شرما کو گو لی مار کر قتل کردیا گیا۔ مزیدبرآں ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ دسمبر میں14کشمیریوں کو شہیدکیا، ان میں سے پانچ نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا ، پیلٹ گن ، فائرنگ اورآنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 48 کشمیری شدیدزخمی ہوئے جبکہ198شہریوں کو گرفتار کیاگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے