سرینگر(ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اہلکارنے سینئر معلم کو تشددکا نشانہ بنایا،2بھارتی فوجی الگ الگ واقعات میں ہلاک ہو گئے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بھارتی پولیس اہلکار نے ایک سینئر معلم اور سرکاری ہائیرسیکنڈری سکول کے قائم مقام پرنسپل رضوان احمد میر کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کیساتھ نازیبا زبان استعمال کی جب وہ گیارھویں جماعت کے امتحان کے حوالے سے پرچوں او ر دیگر اشیاکی تصدیق کیلئے تھانے گئے ۔ادھر ضلع شوپیاں کے علاقے چترہ گام میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک بھارتی فوجی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا، ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں ایک بھارتی فوجی گہری کھائی میں گرکرہلاک ہوگیا۔آسام کے شہر گوہاٹی میں پراسرار طور پر قتل ہونے والے کشمیری نوجوان آصف ڈار کو جنوبی کشمیر میں سپردخاک کر دیا گیا ۔دوسری طرف بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس پر پا بندی میں ایک مرتبہ پھر 25دسمبر تک توسیع کر دی ۔واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی بندش کے باعث شہریوں کوکورونا وبا کے دوران شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
مقبوضہ کشمیر:بھارتی اہلکار کا سینئر معلم پر تشدد،2فوجی ہلاک دنیا اخبار
