پیٹربرا ( جنگ نیوز ) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیریوں نے مودی کا مکروہ چہرہ دنیا میں بے نقاب کردیا،جماعت اسلامی آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے وژن 2030کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب،جماعت اسلامی اورسیز کے کنونیئر راجہ جہانگیر خان،ریاض ولی،چوہدری محمد شریف،رشید نعمانی،ایوب مسلم،غفارت شاہد سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بے مثال کردار ادا کیا ہے،جس پر تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ تارکین وطن نے نریندرمودی کا مکروہ چہرہ دنیا میں بے نقاب کردیا ،ہندوستان تمام عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش
کررہا ہے ،12لاکھ ہندوئوں کو ڈومسائل جاری کردئیے ہیں جو عالمی برادری کے لیے چیلنج ہے، عالمی برادری اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا بنیاد ی اور پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آدھی ریاست بھارت سے آزاد کرائی تھی ،جماعت اسلامی آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے گی ،گلگت بلتستان کے انتخابات میں جماعت اسلامی نے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتار دیا ہے ،جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے وژن کو لے کر چل رہی ہے۔
