مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر عصری تقاضوں کے مطابق اجاگر کرنے اور برطانیہ میں آزادی کشمیر کے لئے جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے یونین آف برٹش کشمیری ڈائیسفرا کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں اور جماعتوں سے وابستہ شخصیات راجہ حق نواز جانباز، چوہدری آفتاب صابر، خواجہ حسن، چوہدری محمد حنیف ، مشتاق مغل، محمد شفیق اور دیگر نے اس نئی تنظیم کے قیام کا باقاعدہ اعلان گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس میں برمنگھم سمیت مڈلینڈ بھر سے بڑی تعداد میں مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ راجہ حق نواز جانباز نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک انتہائی نازک معاملہ ہے لیکن بدقسمتی سے اس ایشو کو بعض لوگوں نے کاروبار بنالیا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کے نام پر برادری ازم، شخصیت ازم اور مالی مفاد حاصل کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 5اور 15اگست کو برمنگھم میں یونین آف برٹش کشمیری ڈائیسفرا کے زیراہتمام بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے گئے لیکن بھارتی لابی نے ہمارے دونوں مظاہروں میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی اور اپنے مذموم مقاصد کے لئے ہم پر الزامات بھی لگائے گئے، چوہدری آفتاب نے کہا کہ ہمیں عصری تقاضوں کے مطابق یوتھ کو آگے لانا ہوگا تاکہ وہ بھارتی مظالم کو بہتر انداز میں اجاگر کرسکیں۔ یونین آف برٹش کشمیری ڈائیسفرا کے قیام کا مقصد نوجوان نسل کو غیر جانبدار اور مثبت پلیٹ فورم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ جدید تقاضوں اور ضروریات کے مطابق مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آواز بلند کرسکیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ برطانیہ میں طویل عرصے سے کشمیر کے نام پر بننے والی تنظیمیں اور جماعتیں اپنے مقاصد سے ہٹ کر ذاتی تشہیر اور نمود و نمائش تک محدود ہوچکی ہیں اس لئے مخلص اور نیک ساتھیوں نے مل کر اس نئی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ حقیقی معنوں میں مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک برطانیہ بھر میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ’’یونین آف برٹش کشمیری ڈائیسفرا کا قیام‘‘
