فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)کشمیر میں حق کی جیت اور باطل کو شرمناک شکست ہوگی،ان خیالات کا اظہار ای یو پاک فیڈریشن یورپ کے صدرپرویز لوہسر نےمظلوم کشمیریوں کے حق میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرت ہوئے کیا ۔انہوںنے مزید کہا کہ مودی انتہا پسند حکومت نے جنت نظیر وادی کشمیر کو اپنے مظالم سے مقتل بنا دیا ہے،مگر اب پوری دنیا مودی کے عزائم سے واقف ہو چکی ہے کشمیر کی وادی پر آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے،کربلا میں یزید اپنی فتح پر نازاں تھا مگر آخر ظلم ہار گیا، مظلومیت جیت گئی۔،ای یو پاک فیڈریشن جرمنی کے صدر انصر بٹ نے اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ اقوامِ متحدہ کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرائے،کشمیری عوام پر ریاستی ظلم و تشدد کا سلسلہ بند کیا جائے اور اقوام متحدہ کے اداروں اور انٹرنیشنل میڈیا کے افراد کو بلا روک ٹوک آزادانہ مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے۔بھارت کے یومِ آزادی کی مناسبت سے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے جرمنی کے مختلف شہروں میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں نکالی گئیں اور اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا گیا ،فرینکفرٹ میں مختلف تنظیموں نے الگ الگ بھارتی قونصلیٹ کے سامنے پُر زوراحتجاجی مظاہرے کئے ،اراکین ِای یو پاک فیڈریشن جرمنی ،سٹٹ گارٹ ویلفئیر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری منظور بٹ ،پاک دارالاسلام کے سابق صدر حاجی افتخارارشد،حافظ شوکت،حاجی بشیر،کشمیری رہنما محمد یونس ،چوہدری شاپال کے ساتھ بڑی تعداد میں سکھ کمیونٹی کے افراد نے بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا، فرینکفرٹ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر بڑی تعداد میں کشمیری،پاکستانی،سکھ برادری کے علاوہ ترکی اور عرب مسلمان جمع ہوئے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کیلئے مظاہرہ کیا۔
کشمیر میں حق کی جیت اور باطل کو شکست ہوگی، پرویز اقبال لوہسر
