سٹاک ہوم (نمائندہ جنگ)کشمیر کمیٹی سویڈن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور آئین کی دفعہ 35 اے اور 370 کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے بھارتی سفارت خانہ سٹاک ہوم کےباہر احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا۔ اس احتجاجی مظاہرے میں خواتین، بچوں اوربزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے،مظالم اور نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بھارت مخالف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی سویڈن کے صدر عامر علی ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت عرصہ دراز سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے ۔عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ کشمیر کمیٹی سویڈن کے انفارمیشن سیکرٹری ملک عامر جبار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان نے جموں و کشمیر کو دنیا کی بڑی ترین جیل میں بدل رکھا ہے، وہاں پر انسان، خواتین، بچے موت کے منہ میں جا رہے ہیں، ہم پوری دنیا تک اپنی صدا پہنچانا چاہتے ہیں۔ مظاہرے میں کشمیر کمیٹی سویڈن کے سیکرٹری جنرل سردار تیمور عزیز کشمیری،شفقت کھٹانہ،شہزاد ملک،ڈاکٹر محمد افضل فارقی،عمیر ضیابھٹی،حافظ قدیر علی،شیخ سعید،رؤف خان ،حسین بٹ،رحمان احسن و دیگر نےمظلوم کشمیریوں کی نما ئندگی کرتے ہوئے بھارتی ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے رکھا۔
عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مؤثر کردار ادا کرے، عامر علی ندیم
