اسلام آباد: پاکستان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کرے۔
یہ مطالبہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور امریکا کے انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور سفیر ڈیوڈ ہیل کے درمیان ورچوئل مشاورت کے درمیان کیا گیا۔
دوران گفتگو سہیل محمود کا کہنا تھا کہ ‘کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور جموں اور کشمیر تنازع کے پرامن حل میں سہولت کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے’۔
خیال رہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دہلی جانب سے گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد ہوا تھا۔
سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے اور پاکستان کے خلاف اس کا جارحانہ رویہ امن اور سلامتی کے لیے ایک خطرہ ہے’۔
ساتھ ہی انہوں نے بھارت کے غیرقانون تسلط میں موجود جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیو، مقبوضہ وادی کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں اضافے کا بھی ذکر کیا۔
