عبدالقیوم نیازی کا کہنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ’شہدائے جموں‘ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے عظیم شہداء کے مقدس لہو سے جلائی ہوئی شمع آزادی بجھنے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پوری قوت اور جذبہ سے کوشاں رہیں گے، ہندوستان ظلم کی جتنی بھی انتہا کردے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکتا، ہم مقبوضہ کشمیر کی راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آج ہم اس بات کا بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم اس مشعل کو ہر صورت فروزاں رکھیں گے جو ان شہیدوں نے اپنے خون سے روشن کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی اور حریت کا نعرہ بلند کرنے والوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے، مقبوضہ علاقے میں اسلامی تہذیب و ثقافت کو مسخ کرنے اورتناسب آبادی کو تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔
عبد القیوم نیازی نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیریوں کا تعلق ریاست پاکستان سے ہے اور وہ اس کیلئے اپنی کئی نسلیں قربان کر چکے ہیں، وادی میں شہید ہونے والے بوڑھوں، بچوں، عورتوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنائے جارہے ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیری بھارت کے جدید اسلحے سے لیس فوج کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں، عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم بند کروائے اور بھارت کو مجبور کرے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، سفیر کشمیر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اس وقت کشمیریوں کا مسئلہ بہترین انداز میں بین الاقوامی فورمز پر لڑ رہے ہیں، اب ہماری آزادی کی منزل قریب آگئی ہے، وہ دن بہت جلد آنے والا ہے جب ساری ریاست آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گی۔
