مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر گہری تشویش ہے، وادی سے شہادتوں کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں،
چین نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل میں پاکستان ساتھ دینے کا اعلان کرکے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کا ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے۔
دورہ چین سے واپسی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر گہری تشویش ہے، وادی سے شہادتوں کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کی وجہ سے تفصیلات سامنے نہیں آرہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو جیسی صورتحال کے سبب غذاؤں اور ادویات کی کمی ہوگئی ہے۔
تنازع مقبوضہ کشمیر: چین کا سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا اعلان
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چینی وزیر خارجہ اور دیگر حکام سے تفصیلی بات ہوئی، چین نے جو ردعمل دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے، چین نے پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے، ہمارے اس قومی مسئلے پر چین نے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اٹھانے پر چین نے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، پاکستان اور چینی وزارتِ خارجہ کے درمیان ڈی جی کی سطح کے فوکل پرسن مقرر کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے واضح پوزیشن لی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ سمجھتے ہیں۔
