صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیر اور فلسطین کے عوام کو حق خود ارادیت کا ضروری حق دے کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اتفاق رائے رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہناتھاکہ دونوں برادر ممالک کے باہمی مفادات کیلئے تجارت ، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے مابین زبردست خیر سگالی موجود ہے ،دو طرفہ باہمی فوائد کے لئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت کا کہناتھا ملائشیا کو پاکستان کے موزوں سرمایہ کاری کے ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے،متعدد ملائیشین میگا کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہو کر فائدہ اٹھا رہی ہیں ۔
