مقبوضہ جموںو کشمیر کے لوگوں کوجدید ہتھیاروں سے لیس دس لاکھ سے زیادہ بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا
غیرقانونی طوپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموںو کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے راولپورہ شوپیاں میں بھارتی فورسز کی طرف سے بے گناہ شہریوں پر ظلم وجبر، مار دھاڑ اور رہائشی مکانوں کو تباہ کرنے کی شدیدمذمت کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ جموںو کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کررہی ہیں اور معصوم لوگوں خاص کر نوجوانوں کوجیلوں میں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیریوں کی نسل کشی اور کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ مقبوضہ جموںو کشمیر کے لوگوں کوجدید ہتھیاروں سے لیس دس لاکھ سے زیادہ بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے ۔ حریت رہنما نے کشمیری عوام کو نسلی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پرتقسیم کرنے کی بھارتی سازشوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارت کی مذموم سازشوں اور منصوبوں کو شکست دینے کے لئے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق حل کرانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔
