بارسلونا (شفقت علی رضا) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سپین کے زیر اہتمام کشمیری لیڈر مقبول بٹ شہید کی 37ویں برسی بارسلونا میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی، اس سلسلے میں کشمیری کمیونٹی نے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت حافظ صدیق نے حاصل کی، تقریب کے سٹیج سیکرٹری راجہ ولید جبکہ مہمان خصوصی جے کے ایل ایف یورپ زون کے نائب صدر سید کاظم شاہ تھے جنہوں نے تقریب کی صدارت بھی کی، تقریب سے خطاب کرنے والوں میں ملک جاوید جے کے ایل ایف سپین، سیدکاظم شاہ، ناصر شہزاد، سردار شفیق، عبدالرؤف لون، قاری شاہد، شفیق تبسم اور دیگر شامل تھے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر چوہدری تنویر نے ویڈیو خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کا وقت قریب آچکا ہے، اب ساری دنیا انڈیا کے بھونڈے پروپیگنڈہ کو جان چکی ہے، اب ہر زبان پر کشمیر کی آزادی کے ترانے ہیں، تقریب سے خطاب میں مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کی جانے والی کوششیں کسی بھی پلیٹ فارم سے ہوں سب کی ایک ہی منزل ہے اور وہ ہے مقبوضہ کشمیر کی آزادی، مقررین کاکہنا تھا کہ بے شک ہم اپنے اپنے نظریات پر قائم رہیں لیکن ہمارا راستہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی طرف جانا چاہئے،
انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، افضل گرو اور مقبول بٹ شہید کا تختہ دار کو چومنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کشمیری اپنا حق لینے کے لئے جان کی پروا نہیں کرتے، انہوں نے کہا کہ 11فروری 1984 کو مقبول بٹ شہید کو تختہ دار پر چڑھا کر قیاس کیا گیا تھا کہ اب کشمیر کی آزادی کی تحریک ختم ہو جائے گی لیکن یہ انڈیا کی خام خیالی ثابت ہوئی جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ آج تک تحریک آزادی کشمیر میں جدت پیدا ہوئی ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک ایسی شہادتیں ہوتی رہیں گی،مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور بڑی طاقتوں کو چاہئے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈال کر شہید مقبول بٹ اور افضل گرو کا جسد خاکی اُن کے لواحقین کے حوالے کروائیں تاکہ وہ شہداء کو اپنے مذہبی رسومات کے ساتھ دفن کر سکیں، مقررین کا کہنا تھا کہ بڑی طاقتوں کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو حق رائے دہی کا استعمال کرنے دیں جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا تب تک خطے میں امن کی بات نہیں کی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ کشمیری 75سال سے زیادہ کا عرصہ ہوا ظلم و تشدد برداشت کر رہے ہیں اور یہ نا انصافی کسی کو نظر نہیں آ رہی۔ تقریب کے اختتام پر حافظ خضرنے شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، قائدین کی صحت یابی اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے خصوصی دُعا کرائی۔
بارسلونا میں مقبول بٹ شہید کی برسی پر تقریب، آزادیٔ کشمیر تک خطے میں امن خام خیالی ہے، مقررین
