بھارتی اقدامات علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں:سیکرٹری خارجہ کی غیرملکی سفیروں و ہائی کمشنرزکو بریفنگ ، حریت قیادت نے یورپی ارکان پارلیمان کامقبوضہ کشمیر کادورہ ڈھونگ قراردے دیا ،آج ہڑتال کی کال
اسلام آباد،سرینگر (وقائع نگار، ایجنسیاں) اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے گزشتہ روز غیرملکی سفیروں اور ہائی کمشنرزکو بھارت کے جموں و کشمیر کے غیرقانونی قبضے ،وحشیانہ محاصرے اوروادی کی مخدوش صورتحال پر بریفنگ دی ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا سیکرٹری خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا احاطہ کیا،انہوں نے سفیروں کو بتایا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بدلنا چاہتا ہے اور اس کیلئے گہری سازش کر رہا ہے ۔بھارت کے غیر قانونی اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کا جائزہ لے ۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور دیگر غیر قانونی اقدامات روکے ۔ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت تنازع کشمیر کاحل یقینی بنائے ۔دوسری طرف حریت قیادت نے یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ کے آج اور کل کئے جانیوالے مقبوضہ کشمیر کے دورے کوڈھونگ قراردیتے ہوئے وادی میں آج ہڑتال کی کال دیدی ،کل جماعتی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کی تمام آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیمو ں نے حمایت کردی۔ ترجمان ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ کے دورے کے اہتمام کا مقصد بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنا ہے ۔تحریک حریت نے کہاجہاں لوگوں کو بولنے کا حق نہ ہو، میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہو، کسی انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے کو رسائی نہ ہووہاں کسی کے آنے اور جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔کشمیری رہنماؤں نے اپنے شدید رد عمل میں بھارتی حکومت کی طرف سے من پسند یورپی ارکان پارلیمنٹ کے دورہ کو مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ قراردیتے ہوئے کہا کہ خود کو حقیقی جمہوریت پسند کہنے والے دنیاکی خوبصور ت جیل یعنی کشمیر کے تفریحی دورے کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا یورپی پارلیمانی گروپ کا دورہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔ پروفیسر عبدالغنی بٹ نے ایک انٹرویو میں کہاموسم سرما اور بہار میں قدرتی مناظرسے لطف اندوز ہونے کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے دورے کا نہ کوئی مقصدہے اورنہ اس سے کسی کی کوئی خدمت ہوسکتی ہے ۔ادھر یورپی گروپ کے متوقع دورے کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے سرینگر ، پلوامہ ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں جاگوجاگو یورپی یونین، اقوام متحدہ جاگو جیسے نعروں سے مزین پوسٹرز چسپاں کردیئے ہیں۔بھارتی پولیس نے سرینگر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ایند ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو کو گرفتار کرلیا ۔
